بنگلورو۔31؍مئی(ایس او نیوز /عبدالحلیم منصور) شہر کے میئر منجوناتھ ریڈی نے کہاکہ ریاست کے مختلف سرکاری محکموں کے اشتراک سے بی بی ایم پی شہر بھر میں پانچ لاکھ پودے لگائے گی ، جس کے ذریعہ شہر میں ہریالی کو عام کرنے کی مہم کاآغاز کیا جائے گا۔آج بی بی ایم پی دفتر میں یوم ماحولیات کے سلسلے میں میک بنگلور گرین کے اشتراک سے ایک پودا لگانے کے بعد انہوں نے بتایاکہ شہر بھر کے تمام 198 وارڈوں میں دو لاکھ سے زائد پودے لگانے کا منصوبہ ہے۔ انہوں نے کہاکہ بی بی ایم پی کے برسری محکمہ میں 1.2لاکھ پودے موجود ہیں۔ ضرورت پڑنے پر مزید پودے خریدے جائیں گے۔ شہر کے بی بی ایم پی زچہ خانہ میں ڈاکٹروں کی کمی کی شکایت پر میئر نے کہا کہ ان شکایات کو دور کرنے کیلئے آؤٹ سورسنگ کنٹراکٹ کی بنیاد پر ڈاکٹروں کا تقرر کرنے کیلئے قدم اٹھائے گئے ہیں۔ بی بی ایم پی اسپتالوں میں نوزائدہ بچوں کی اموات اور لاپرواہی کی شکایات پر میئر نے کہاکہ اگر ڈاکٹروں کی طرف سے لاپرواہی ہوئی ہے تو ان کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔ جہاں تک بی بی ایم پی اسپتالوں میں ڈاکٹروں کی خدمات کا سوال ہے مقررہ اوقات سے زیادہ یہ لوگ کام کررہے ہیں۔ ڈاکٹروں کی طرف سے لاپرواہی کی شکایات ان کے دل میں نہیں ہے، اگر کوئی واضح شکایت پیش کی جاتی ہے تو اس کی جانچ کی جائے گی۔ میک بنگلور گرین کے اشتراک سے اس موقع پر شہر میں ایک لاکھ پودے لگانے کی مہم کا میئر نے آغاز کیا۔ حکمران پارٹی کے لیڈر ستیہ نارائنا ، کارپوریٹر سمپت راج وغیرہ اس موقع پر موجود تھے۔